سردیوں کی آمد اور موسم تبدیل ہوتے ہی کچھ بیماریاں پھیلنا شروع ہو جاتی ہیں۔صحیح دوا کے استعمال اور احتیاط کے بغیر بیماریاں پیچیدہ شکل اختیار کر لیتی ہیں۔سرد اور خشک موسم میں بیماریوں اضافے کا تناسب کچھ زیادہ ہی ہوتا ہے۔ انسانی جسم پر کچھ ایسی جسمانی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں جس کی وجہ سے انسان کافی پریشان ہو جاتا ہے۔سردی میں خشک ہوا چلتی ہے جس کی وجہ سے زمین‘ارد گرد کی تمام چیزیں اور جسمانی جلد کافی خشک ہو جاتی ہے اور گردو غبار میں کافی اضافہ ہو جاتا ہے۔جب ہم سانس لیتے ہیں تو گردو غبار کے جراثیم ہماری ناک کے ذریعے ہمارے وجود پر اثر انداز ہوتے ہیں۔اس لئے سرد موسم میں صحیح دیکھ بال نہ کرنے کی وجہ سے انسان بہت سی بیماریوں میں مبتلا ہو جاتا ہے جس میں نزلہ و زکام‘کھانسی‘چھینکیں‘بخار‘سردرد سر فہرست ہے۔آئیے ان بیماریوں کے علاج اورحفاظت کا جائزہ لیتے ہیں۔
سرد موسم میں نزلہ و زکام کے ساتھ اکثر آنکھوں سے بھی پانی بہنے لگتا ہے‘ہلکا بخار اور سردرد کا بھی مسئلہ ہو جاتا ہے۔ایک دو روز بعد ناک کی رطوبت گاڑھی ہوجاتی ہے اور ناک بند ہوجاتی ہے۔اس دوران مختلف اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے وقتی طور پر نزلہ تو رک جاتا ہے مگر اس کے انسانی جسم پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ اس سے اکثر افراد کو چھینکیں اور کھانسی شروع ہو جاتی ہے‘نبض تیز چلنے لگتی ہے‘گلے میں خراش اور بخار کی شکایت شروع ہو جاتی ہے۔زیادہ عرصہ نزلہ و زکام کا مسئلہ رہے تو بال سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔اس مرض سے نجات کے لئے دو نسخے دئیے جارہے ہیں جو انہتائی مؤثر اور مفیدہے۔
نزلہ و زکام کا یقینی خاتمہ
سرسوں کے تیل میں لہسن کی دو تین گانٹھیں ڈال کر ابال لیں‘اس تیل کو رکھ لیں۔جب بھی زکام لگے تو پیروں کے تلوئوںمیں اس تیل کی مالش کریں ‘فائدہ دیکھیں۔مزید اسی تیل کی دو دو بوندیں ناک میں بھی ڈالیں۔اس کے علاوہ اگر نزلہ و زکام کی شدت زیادہ ہو یا مرض پرانا ہو گیا ہو تو سات عدد بُھنے ہوئے دیسی چنے ‘ایک عدد کالی مرچ صبح خالی پیٹ کھالیں۔ایک ہفتہ کھائیں‘دوسرے ہفتے چنوں کی مقدار14 اور کالی مرچ کی تعداد 2 کردیں‘ تیسرے ہفتے چنے21 عدداور کالی مرچ 3 عدد کردیں ‘ان تین ہفتوں میں ان شاءاللہ پرانے سے پرانے نزلہ و زکام میں بھی شفاء ہو گی۔واضح رہے کہ جب یہ نسخہ استعمال کریں تو اس کے بعد آدھے گھنٹے تک کوئی چیز نہ کھائیں۔
چھاتی کی جکڑن اور کھانسی
سردیوں میں نزلہ و زکام اور مختلف وجوہات کی وجہ سے چھاتی میں بلغم جم جاتی ہے جس کی وجہ سے سانس لینا بھی دشوار ہو جاتا ہے اورکھانسی کی بھی شکایت ہوتی ہے۔مہنگی ادویات کی وجہ بجائے قدرت نےہلدی کی صورت میں اس کا سستا اور آسان علاج مہیا کیا ہے۔آدھا چمچ ہلدی گرم پانی کے ساتھ دن میں دو سے تین مرتبہ استعمال کریں‘ان شاءاللہ ایک دن میں ہی واضح فرق محسوس ہوگا۔
بخار کا علاج
موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے اکثر لوگ بخار میںمبتلا ہو جاتے ہیں اور کئی دن تک بستر پر پڑے رہتے ہیں۔بخار سے نجات کے لئے ایک مجرب نسخہ ہے جسےچند دن استعمال کرنے سےان شاءاللہ بخار ختم ہو جائے گا۔نسخہ یہ ہے۔کالی مرچ اور تلسی کے پتے ہموزن لے کر خوب پیس لیں اور چنے کے برابر گولیاں بنا لیں۔دو گولیاں صبح‘دو گولیاں شام ہمراہ عرق گائو زبان استعمال کریں۔اگر یہ اجزاء میسر نہ ہوں تو سردی کے بخار کے لئے آک یعنی مدار کے پیلے پتے جو خود بخود ٹوٹ کر گر گئے ہوں‘ان کو جلا کر راکھ بنا لیں‘اس میںآدھا چمچ شہد ملا کر چاٹ لیں‘ان شاءاللہ شفاء نصیب ہو گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں